طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کی شناخت کرنے کے لیے پنجاب فرانزک لیب کی ٹیمیں لاہور سے کراچی پہنچ گئیں۔
اس حوالے سے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے سربراہ ڈاکٹر طاہر اشرف نے جیو نیوز سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی ایشیاء کی سب سے بڑی لیبارٹری ہے اور حکومت پنجاب نے سندھ حکومت کی مشاورت سے فرانزک ٹیمیں کراچی بھیجی ہیں۔
ڈاکٹر طاہر اشرف نے کہا کہ 8 فرانزک سائنسدانوں پر مشتمل تین ٹیمیں کراچی بھیجی گئی ہیں تاکہ لاشوں کے نمونے لے کر شناخت کی جاسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ فرانزک ٹیمیں آج نمونے اکٹھا کرنا شروع کریں گی جو میتوں، ان کے والدین، بہن بھائی یا اولاد میں سے کسی کے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ نمونے لاہورپہنچتے ہی فرانزک ایجنسی دن رات کام کرےگی اور 24 گھنٹوں بعد ڈی این اے نتائج دینا شروع کردیں گے، اس سلسلے میں پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے سائنسدانوں کی عید چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔
ڈاکٹر طاہر اشرف کا کہنا تھا کہ زیادہ جھلسی ہوئی لاشوں کے دانت یاہڈیوں سے ڈی این اے لیا جائےگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی لاہور سے کراچی آنے والی پرواز لینڈنگ سے کچھ دیر قبل ماڈل کالونی جناح گارڈن کے علاقے میں حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 97 افراد جاں بحق ہوگئے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے زیادہ ترافراد کی لاشیں جھلسی ہوئی ہیں جس کے باعث ان کی شناخت میں دشواری کا سامنا ہے۔
کوئی تبصرے نہیں: